موبائل فون کے ڈیزائن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں تخلیق کی کمی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسمارٹ فونز مستطیل ہی ہوتے ہیں لیکن حال ہی میں موبائل ورلڈ کانگریس میں ایک اچھوتا موبائل ڈیزائن پیش کیا گیا ہے جو ساحل کنارے موجود گول پتھر جیسا ہے۔
گول شکل کا یہ موبائل فون امریکی کمپنی ’مونواوہم‘ نے ڈیزائن کیا ہے جو پرانے زمانے میں جیب کی گھڑی سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن روایتی قطب نما سے بھی ملتا جلتا ہے جو باآسانی مٹھی میں سماسکتا ہے۔ فون کا پچھلا کور اور ڈیزائن اسے پھسلنے سے بچاتا ہیں۔ یہ لکڑی، تانبا، ٹن، سرامک اور پلاسٹک سمیت کئی دھاتوں اور بھرتوں میں دستیاب ہے۔ اس میں فائرفاکس آپریٹنگ سسٹم ، ایک چارجنگ پورٹ اور کیمرہ ہے اور اسے زنجیر سے جوڑ کر جیبی گھڑی کی طرح بھی رکھا جاسکتا ہے۔ براہِ راست کالز کے لیے اسے بلیوٹوتھ ایئرپیس سے بھی جوڑا جاسکتا ہے اور اس ایجاد کو ’رُنسیبل‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اس موبائل کو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ روایتی اسمارٹ فون جس طرح چیختے اور اطلاع دیتےہیں اس سے آپ کو دور رکھا جائے۔ یہ فیس بک اور ٹویٹر الرٹ بھی بار بار نہیں دکھاتا۔ جیسے ہی ان سوشل ویب سائٹس پر ایکٹویٹی بڑھ جاتی ہے تب ہی یہ آپ کو آگاہ کرتا ہے۔ ساتھ ہی صرف 12 قریبی ساتھیوں کے ہی کانٹیکٹ دکھاتا ہے۔ ’’رُنسیبل‘‘ میں بہت سے ایسٹرایگز ہیں یعنی سافٹ ویئر کے وہ چھپے ہوئے فیچرز جو آپ کو تفریح فراہم کرتے ہیں۔ موبائل فون کی قیمت بھی انتہائی مناسب یعنی صرف 600 ڈالر 61 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔