واٹس ایپ موبائل میسج کے لئے مشہور ترین سافٹ وئیر ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 70کروڑ سے بھی زیادہ ہے لہذا متعدد لوگ اس پر وائرس حملے کرکے صارفین کو پریشان کرتے رہتے ہیں۔حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ آپ کی تصاویر جن کی سیکیورٹی آپ نے صرف دوستوں کو دیکھنے کے لئے لگائی تھی، اجنبی بھی اسے دیکھ سکتے ہیں۔واٹس ایپ کی طرف سے وقتاًفوقتاًسیکیورٹی اپ ڈیٹ کی جاتی ہے لیکن لوگ اسے نظرانداز کرکے نقصان اٹھاتے ہیں۔ آئیے آپ کو چند ایسی باتوں کے بارے میں بتاتے ہیں جن پر عمل کرکے آپ واٹس ایپ کو بہت بہتر طریقے سے استعمال کرسکتے ہیں۔
واٹس ایپ تصاویر کو فوٹو رول اور گیلری میں ظاہر ہونے سے روکنا
اگر آپ یہ سیٹینگ درست نہ کریں تو جو تصاویر آ پ کو واٹس ایپ پر موصول ہوں گی وہ خود ہی آپ کے موبائل میں محفوظ ہوجائیں گی جس سے کوئی بھی وہ تصاویر دیکھ سکتا ہے لہذا سیکیورٹی میں تبدیلی کرتے ہوئے اس فیچر کو بند کردیں۔
اپنی پروفائل تصویر پر پرائیویسی لگائیں
اگر آپ پرائیویسی نہیں لگائیں گے تو کوئی بھی آپ کی تصویر کو ڈاﺅن لوڈ کر کے بآسانی انٹر نیٹ سے آپ کے متعلق معلومات اکٹھا کرسکتا ہے لہذا اپنی پروفائل پکچر صرف اپنی کانٹیکٹ لسٹ میں شامل لوگوں کو دیکھنے دیں۔
scams سے بچیں
یاد رکھیں کہ واٹس ایپ کبھی بھی اپنے صارفین کے ساتھ میسج، ای میل یا کسی دوسرے طریقے سے رابطہ نہیں کرتالہذا اگر آپ کو کوئی ایسی ای میل یا کوئی اور میسج ملے جس میں مفت یا کوئی اور ایسی پر کشش پیشکش کی جائے تو کبھی بھی اس پر عمل نہ کریں اور اسے ڈیلیٹ کردیں۔
فون چوری ہونے کی صورت میں اکاﺅنٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیں
اگر آپ کا فون چوری یا گم ہوجائے تو فوراًسے پہلے ایک اور سمارٹ فون لے کر اس میں وہی نمبر ڈال کر واٹس ایپ کا آن کرلیں۔ واٹس ایپ کی یہ خاصیت ہے کہ یہ صرف ایک ہی فون پر چل سکتا ہے ۔آپ یہ بھی کرسکتے ہیں کہ اپنے اکاﺅنٹ کو ڈی ایکٹیویٹ کردیں۔
واٹس ایپ کو لاک رکھیں
واٹس ایپ میں یہ سہولت نہیں ہے کہ آپ اسے لاک کرسکیں لیکن اگ آپ اینڈرائیڈ فون کا استعمال کرتے ہیں تو آپ میسنجر اینڈ چیٹ لاک بھی انسٹال کرکے اپنے واٹس ایپ کو لاک کرسکتے ہیں۔
آخری بار دیکھے گئے میسج کو چھپانا
آپ چاہیں تو اس فیچر کو آن کرسکتے ہیں جس سے دوسروں کو یہ علم نہیں ہوگا کہ آخری بار آپ نے کب دیکھا تھا لیکن اس فیچر کو آن کرنے سے آپ کو دوسروں کے بارے میں بھی علم نہیں ہوگا کہ انہوں نے میسج دیکھا ہے یا نہیں۔
استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں
واٹس ایپ پر ہرگز ایسی معلومات شئیر نہ کریں جو آپ کو نقصان پہنچانے کی وجہ بنیں۔ کبھی بھی اپنا پاس ورڈ، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ نمبر، بینک اکاﺅنٹ وغیرہ شئیر نہ کریں کیونکہ یہ میسج کوئی اور دیکھ کر آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔