آپ بچپن سے ہی انگریزی مہینوں کے نام سنتے، پڑھتے اور لکھتے آ رہے ہوں گے مگر کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ ان مہینوں کے نام جنوری، فروری اور مارچ وغیرہ کیوں رکھے گئے اور ان الفاظ کا ماخذ کیا ہے؟ یقینا بہت سے لوگ اس سے واقف نہیں ہوں گے۔ آئیں آپ کو بتائیں۔
جنوری:۔
جنوری کا ماخذ ایک رومن دیوتا کا نام ”جانوس“ (Janus) ہے۔ یہ دروازوں، کسی بھی کام یا وقت کی شروعات اور طلوع و غروبِ آفتاب کا دیوتا تھا۔ اس کے دو چہرے تھے، ایک آگے کی طرف اور ایک پیچھے کی طرف۔
فروری:۔
قدیم رومن باشندے 15 فروری کو گناہوں سے بخشش کا دن مناتے تھے۔ اس دن یا تہوار کا نام فیبروور (Februare) تھا۔ اسی تہوار کے نام کی نسبت سے اس کا نام فیبروری (February) پڑ گیا جو اردو میں فروری کے نام سے جانا جاتا ہے۔
مارچ:۔
مارچ کا نام قدیم رومی دیوتا مارس (Mars) کے نام کی نسبت سے رکھا گیا ہے۔
اپریل:۔
اپریل کو قدیم رومی زبان میں اپریلیس کہتے ہیں جس کا منبع ایپرائر (Aperire) ہے جس کے معنی کھلنا (open) کے ہیں۔ چونکہ اپریل میں بہار آتی ہیں اور درختوں پر نئی کونپلیں اگتی ہیں شاید اسی لیے اس مہینے کا نام اپریل رکھا گیا۔
مئی:۔
مئی کا نام قدیم روم کی دیوی میا (Maia) کے نام کی نسبت سے رکھا گیا ہے۔ میا ایک دیوتا جیوپیٹر (Jupiter) کی بیوی تھی جس میں سے اس کا ایک بیٹا ”مرکری“ (Mercury) تھا۔ میا ایٹلس نامی دیوتا کی بیٹی تھی۔
جون:۔
قدیم روم کی سب سے بڑی دیوی کا نام جونو تھا، اسی کی نسبت سے جون کے مہینے کا نام رکھا گیا ہے۔
جولائی:۔
44 قبل مسیح میں جولیس سیزر (قیصرِ روم) پیدا اسی مہینے میں پیدا ہوا تھا۔ چنانچہ اس کے نام کے نسبت سے اس کی پیدائش کے مہینے کا نام جولائی رکھ دیا گیا۔جولائی رومی کیلنڈر کا پانچواں مہینہ ہے۔
اگست:۔
قدیم روم میں اگست کا نام سکسٹیلیس (Sextilis) تھاجسے 8 قبل مسیح میں تبدیل کرکے اس وقت کے رومی حکمران آگسٹس سیزر (قیصر روم آگسٹس) کے نام پر آگسٹ کر دیا گیا جو اردو میں اگست کی صورت میں جانا جاتا ہے۔
ستمبر:۔
ستمبر لاطینی لفظ سیپٹیم (Septem) سے ماخوذ ہے جس کا مطلب 7 ہے۔ یہ رومی کیلینڈر کا ساتواں مہینہ ہے۔اس مہینے میں جولیس سیزر کی حکومت قائم ہوئی تھی۔
اکتوبر:۔
اکتوبر لاطینی لفظ اوکٹو (Octo) سے ماخوذ ہے جس کے معنی 8 کے ہیں۔ یہ رومی کیلنڈر کا آٹھواں مہینہ ہے۔
نومبر:۔
نومبر لاطینی لفظ نویم (Novem) سے نکلا ہے جس کے معنی 9 کے ہیں۔ اسی لیے یہ رومی کیلنڈر کا 9واں مہینہ ہے۔
دسمبر:۔
اکتوبر اور نومبر کی طرح دسمبرکا منبع بھی لاطینی لفظ ڈیسیم (Decem) ہے جس کے معنی 10 کے ہیں۔ یہ رومی کیلنڈر کا 10واں مہینہ ہے۔
واضح رہے کہ رومی کیلنڈر جنوری کی بجائے مارچ سے شروع ہوتا ہے۔