آفریدی نے چند گیندوں پر ہی ریکارڈ بک الٹ پلٹ دی

ویلنگٹن:  شاہد آفریدی نے چند گیندوں پر ہی ریکارڈ بک الٹ پلٹ دی۔ زیادہ تیزی کے ساتھ رنز بنانے والے ٹاپ 5 بیٹسمینوں میں آل راؤنڈرکا نام دوسری مرتبہ درج ہوگیا۔

Afridi_Post_iM

انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 67 رنز 231.03 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے، یہ ون ڈے اننگز میں کسی بھی آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے پلیئرز میں دوسرا بڑا اسٹرئیک ریٹ ہے۔ اس فہرست کے ٹاپ 5 بیٹسمینوں میں شاہد آفریدی کا نام 3 مرتبہ شامل ہے۔ حالیہ اننگز میں آفریدی اور دیگر بیٹسمینوں کی اننگز کے اسٹرائیک ریٹ میں 177.97 کا فرق نظر آیا جو کسی بھی ون ڈے اننگز میں چوتھا بڑا فرق رہا۔ ابراہم ڈی ویلیئرز اس فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔

جنھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 بالز پر 149 رنز اسکور کیے تھے۔ اس وقت اسٹرائیک ریٹ میں فرق 229.29 تھا، یہ واحد موقع بنا جب کسی بیٹسمین نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے 200 فیصد زیادہ تیز رفتاری سے بیٹنگ کی تھی۔ مصباح الحق نے اس میچ میں اپنی 38 ویں ایک روزہ ففٹی مکمل کی۔ وہ ابھی تک اس طرز میں سنچری کا ذائقہ نہیں چکھ پائے، بغیر تھری فیگراننگز کے سب سے زیادہ ففٹیز اسکور کرنے کا ریکارڈ ان کے ہی نام ہے۔ گذشتہ 6 ون ڈے میں پاکستان کے اوپننگ اسٹینڈ کی اوسط 13.33 رہی، یہ سب میچز نیوزی لینڈ کیخلاف ہی کھیلے گئے ہیں۔

یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب پاکستان نے اپنی پہلی وکٹ بغیر کسی اسکور کے گنوائی۔ 39 ویں مرتبہ نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو ایک روزہ میچز میں شکست دی، جوکسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف تیسری زیادہ فتوحات ہیں، کیویز نے بھارت اور سری لنکا کیخلاف 41 ، 41 میچز جیتے ہیں۔ یہ دسواں موقع ہے جب نیوزی لینڈ کے کسی آل راؤنڈر نے ففٹی کے ساتھ تین یا اس سے زائد وکٹیں لیں۔ اس میچ میں گرانٹ ایلیوٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ آخری مرتبہ جیکب اورم نے زمبابوے کیخلاف 59 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 29 رنزکے عوض 3 وکٹیں بھی لی تھیں۔

COMMENTS

Leave a Comment