ورلڈکپ 2015ءمیں قومی ٹیم ابتدائی دو میچوں میں شکست کے بعد مسلسل تین میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں رسائی کے امکانات روشن کر چکی ہے تاہم اسے اپنا آخری پول میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلنا ہے اور کوارٹر فائنل میں جانے کیلئے یہ میچ جیتنا ضروری ہے کیونکہ شکست کی صورت میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پول بی میں بھارت 6 میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ساﺅتھ افریقہ نے بھی 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 4 میچ جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کئے اور پول میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اور دونوں کے 6 , 6 پوائنٹس ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز پانچ میں سے 2 میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
پاکستان، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 5 , 5 پول میچز کھیل چکی ہیں اور تینوں ٹیموں کو ابھی ایک ایک میچ کھیلنا ہے اور اگر پاکستان آئرلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو اس کے 8 پوائنٹس ہو جائیں گے جبکہ آئرلینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہی موجود رہے گا تاہم آئرلینڈ سے شکست کی صورت میں قومی ٹیم کے 6 پوائنٹس ہی رہیں گے اور آئرلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹر فائنل میں باآسانی جگہ بنا لے گا۔
ویسٹ انڈیز نے اپنا آخری میچ یو اے ای کے خلاف کھیلنا ہے جس میں اس کی فتح بظاہر یقینی نظر آتی ہے اور ایسی صورت میں اس کے بھی 6 پوائنٹس ہو جائیں گے اور یہ ٹیم بھی پاکستان کے برابر آ جائے گی اور دونوں ٹیموں میں سے بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم کوارٹر فائنل میں چلی جائے گی لہٰذا یہ کہا جا سکتا ہے کہ اگر کوارٹر فائنل میں جانا ہے تو ہر حال میں آئرلینڈ کو ہرانا ہے۔