دنیابھر میں بہت عجیب طرح کے قوانین اور رواج پائے جاتے ہیں۔ آئیے آپ کو دنیا کے کچھ ممالک میں پائے جانے والے ایسے قوانین کے بارے میں بتاتے ہیں۔
سنگا پور
اگر آپ سنگا پور جارہے ہیں تو یاد رکھیں کہ وہاں آپ کو چیونگم کھانے کی ہرگز اجازت نہیں ہے کیونکہ سنگاپور میں چیونگم کھانے پر پابندی لگا دی گئی تھی جس کی وجہ ملک کو گندگی سے پاک کرنا تھا۔ تا ہم آپ نکوٹین چیونگم کا استعما ل کر سکتے ہیں لیکن اس کے لئے بھی آپ کو ڈاکٹر کا نسخہ دکھانا ہوگا۔
انگلینڈ
پارلیمنٹ کی کاروائی دیکھنے کا کافی مزہ آتا ہے لیکن انگلینڈ کی پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے اندر مرنے پر پابندی لگا رکھی ہے جبکہ پارلیمنٹ میں اسلحہ لے کر جانا بھی منع ہے۔
اٹلی
اگر آپ اٹلی جا رہے ہیں تو یاد رکھیں کہ آپ کے لئے مسکراناضروری ہے۔ خاص طور پر میلان میں آپ کے لئے ہر وقت مسکرانا ضروری ہے کیونکہ یہ وہاں کے قانون میں شامل ہے۔ آپ کو ہسپتال یا کسی جنازے کی شرکت کی صورت میں ہنسنے سے استثناءحاصل ہوگا۔
کینیڈا
اگر آپ کینیڈا میں شاپنگ کر رہے ہیں تو یاد رکھیں کہ آپ ایک ڈالر کے 25سکوں سے زیادہ بیک وقت کسی دکان دار کو نہیں دے سکتے اور ضروری ہے کہ آپ جیب میں کرنسی نوٹ رکھیں۔ مثال کے طور پر آپ کو 50ڈالر کی کوئی چیز پسند آئی ہے تو آپ 25ڈالر کے سکے دے سکتے ہیں لیکن اس سے زیادہ سکے دینا قانون کے مطابق منع ہے۔
جرمنی
جرمنی میں موٹر ویز اور ہائی ویز پر اگر آپ کا پٹرول ختم ہوجائے تو آپ قانون کی زد میں آسکتے ہیں کیونکہ جرمنی میں ہائی وے پر پٹرول ختم ہونا جرم ہے۔ جرمنی نے ہائی ویز پر رفتار کی کوئی حد نہیں لگارکھی لیکن بلاوجہ رکنا قانوناً جرم ہے اور پٹرول ختم ہونا بھی ایک جرم سمجھا جاتا ہے۔
فرانس
مشہور مصنف جارج اورویل کی تصنیف ’اینیمل فارم‘ میں ایک سور کا نام ’نپولین‘ ہوتا ہے لیکن یاد رکھیں کہ اگر آپ فرانس میں ہیں تو ہر گز کسی سور کو یہ نام مت دیں کیونکہ فرانسسی حکومت نے نپولین بونا پارٹ کو عزت دینے کے لئے کسی بھی سور کو یہ نام دینے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
فن لینڈ
دنیا بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر یونیفارم جرمانے کئے جاتے ہیں لیکن فن لینڈ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کرنے سے قبل اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ اس شخص کی آمدنی کتنی ہے۔ مثال کے طور پر سویڈن کے ارب پتی اینڈرز ویکلوف کو فن لینڈ میں زیادہ سپیڈ پر جانے کی وجہ سے ایک لاکھ اور تیس ہزار ڈالر(ایک کروڑ تیس لاکھ روپے)جرمانہ کیا گیا۔