ممبئی: راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنا ہر انسان کا خواب ہوتا ہے اور یہ خواب دنیا میں بہت ہی کم لوگوں کے پورے ہوتے ہیں لیکن بالی ووڈ میں کچھ مشہور شخصیات ایسی ہیں جن پر قسمت کی دیوی ایسی مہربان ہوئی کہ وہ راتوں رات نہ صرف شہرت کی بلندیوں پر پہنچے بلکہ کروڑوں لوگوں کے دلوں پر بھی راج کرنے لگے۔
بالی ووڈ کی ایسی قد آورشخصیات جو اپنے فن میں کمال رکھتے ہیں اور ان کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح بھی ہیں لیکن اگر ان کے ماضی پر نظر دوڑائی جائے تو حیران کن طور پر بھارتی فلم نگری میں صف اول کی یہ شخصیات اداکاری سے پہلے معمولی نوعیت کی ملازمتیں کرتے تھے۔
دلیپ کمار
بالی ووڈ کے افسانوی کردارمیں ڈھل جانے والے اور شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کا تذکرہ کیے بغیر بھارتی فلمی انڈسٹری کا تعارف مکمل نہیں ہوتا، دلیپ کمار دنیا بھر میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں لیکن وہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے قبل اپنے والد کے پھل فروشی کے کاروبار سے منسلک تھے۔ اس کے بعد وہ بھارت کے شہر پونے کی فوجی کینٹین میں مینیجر کی حیثیت سے کام کرتے تھے جہاں ایک دن بامبے ٹاکیز کی مالک اور اداکارہ دیویکارانی کی نظر ان پر پڑی اور انہوں دلیپ کما ر کو 1944 میں بننے والی فلم جواربھاٹا کے لیے منتخب کیا جو ان کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوا اور اس کے بعد دلیپ کمار نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور وہ شہرت کی بلندیوں کو پہنچ گئے۔
دیو آنند
بالی ووڈ کی سحر انگیز شخصیت دیو آنند جو بیک وقت رائٹر، پروڈیوسر تھے وہ اپنی سب سے الگ اور ممتاز پہچان رکھتے تھے، 1946 میں ’’ہم ایک ہیں‘‘ نامی فلم سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے دیو آنند چرچ گیٹ بمبئی میں ملٹری ناظر کے دفتر میں بطور کلرک 165 روپے ماہانہ کی ملازمت کرتے تھے ۔ فلم ’’ضدی‘‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اس عظیم بالی ووڈ اداکار نے کامیابی کے ایسے جھنڈے گاڑے کہ اپنی فنی زندگی میں 114 فلموں میں کام کیا جس میں سے 104 فلموں میں مرکزی کردار اداکیا۔
محمود
ماضی کے بالی ووڈ اداکار محمود کئی دہائیوں تک کامیڈی ہیرو کے طور پر انڈسٹری پر راج کرتے رہے ہیں۔ کامیڈین اداکار محمود نے 300 سے زائد ہندی فلموں میں کام کیا جس میں انہوں نے پڑوسن، لو ان ٹوکیو اور بمبئی ٹو گوا جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکار محمود بھی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل ٹیبل ٹینس کے استاد، ڈرائیور اور مرغی بیچنے کی ملازمتیں کرتے تھے۔ فلم انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی اداکار کامیابی نے محمود کے ایسے قدم چومے کہ انہوں نے بالی ووڈ میں کئی دہائیاں راج کیا۔
امیتابھ بچن
بالی ووڈ میں کئی دہائیوں سے راج کرنے والے بگ بی اور شہنشاہ امیتابھ بچن منفرد مقام رکھتے ہیں وہ اپنی اداکاری کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں مداحوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ امیتابھ بچن نے اداکاری کا سفر 1969 میں فلم ’’سات ہندوستانی‘‘ سے شروع کیا اور پھر اس کے بعد بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دیں جنہوں نے باکس آفس پر اپنی اجارہ داری کئی برس تک قائم رکھی۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن اداکاری سے وابستہ ہونے سے قبل کلکتہ کی شپنگ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے انہوں نے اداکاری کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے نوکری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
رجنی کانت
اپنے مخصوص انداز کے باعث پہچانے جانے والے تامل اداکار رجنی کانت کاشمار بھارت کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ رجنی کا نت کا اصلی نام شیواجی راؤ گائیکواد ہے انہوں نے 1975 میں تامل فلم ’’اپوروا رنگن گال‘‘سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی انہوں نے فلمی دنیا میں وہ مقام حاصل کرلیا جس کی تلاش میں وہ فلمی دنیا میں آئے تھے۔ اپنے دور کے سپر اسٹار رجنی کانت نے 150 سے زائد تامل ،تیلگو ،کناڈا ،ہندی اور بنگالی فلموں میں کام کیااور ایکشن کے ایسے جوہر دکھائے کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے لیکن حیرت انگیز طور پر فلم انڈسٹری کے اس چمکتے ستارے نے عملی زندگی کا آغاز بھارت کے شہر بنگلور میں بس کنڈیکٹری سے کیا تھا۔
شاہ رخ خان
بالی ووڈ کی رومانوی ، افسانوی شخصیت اور انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں اسی لیے انہیں انڈسٹری میں کسی بھی فلم کی کامیابی کا ضامن سمجھا جا تا ہے۔ بالی ووڈ کے کنگ خان فلمی دنیا میں آنے سے قبل پیٹ پالنے کے لیے مختلف کام کرتے رہے ہیں ۔ بھارت کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے شاہ رخ خان نے پنکج ادھاس کے دلی میں ہونے والے کنسرٹ میں اٹینڈنٹ کا کام کیا تھا جس کے عوض انہیں 50روپے ملے تھے جو ان کی پہلی کمائی تھی جب کہ شاہ رخ نے دہلی کے دریا گنج علاقے میں ایک چھوٹا سا ریسٹورنٹ بھی کھولا تھا لیکن وہ چل نہیں سکا تھا جب کہ وہ غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور ان کے والدین اپنے آخری وقتوں میں مقروض تھے۔
اکشے کمار
بالی ووڈ کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار اپنی جاندار اداکاری کے باعث ناصرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ بالی ووڈ میں فلم ’’کھلاڑی‘‘ سے شہرت کی بلندیوں پہنچنے والے اسٹار اکشے کمار کی حقیقی زندگی بھی خطروں کے ساتھ کھیلتے ہی گزری ہے ۔ بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل بنکاک کے ایک ہوٹل میں ویٹر اور برتنوں کی صفائی کا کام کرتے تھےاور پھر قسمت کی دیوی ایسی مہربان ہوئی کہ بالی ووڈ کے اسٹار بن گئے۔
ارشد وارثی
بالی ووڈ کی کامیڈین فلم’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار ارشد وارثی لاکھوں دلوں پر راج کرتے ہیں اور بالی ووڈ میں کامیڈین فلموں کی جان مانے جانے ہیں۔ بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے قبل ارشد وارثی کے گھر کے مالی حالات انتہائی خراب تھے وہ گھر گھر جاکر کاسمیٹکس کی مصنوعات فروخت کرتے تھے۔
بومن ایرانی
بالی ووڈ میں بہترین معاون اداکار کے طور پر پہچانے جانے والے اداکار بومن ایرانی کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ بومن ایرانی نے بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں منا بھائی ایم بی بی ایس ، ڈان اور تھری ایڈیٹس میں اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے ہیں۔ بالی ووڈ اسٹار بومن ایرانی فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل بھارت کے مشہور تاج پیلس ہوٹل ممبئی میں ویٹر اور آفس بوائے کی ملازمت کرتے رہے اور پھر بعد میں فوٹوگرافی کے پیشے سے بھی منسلک رہے ۔